پی ایچ ڈی کرنے کے بعد تصور کیا جاتا ہے کہ وہ فرد کسی اچھی ملازمت کو کرنا پسند کرے گا۔
مگر پی ایچ ڈی کرنے والا ایک شخص ملازمت کی بجائے نوڈلز فروخت کرکے روزانہ لاکھوں روپے کما رہا ہے۔
چین سے تعلق رکھنے والے 37 سالہ ڈینگ صوبہ جیانگسو سے تعلق رکھتے ہیں۔
چین میں پی ایچ ڈی ڈگری حاصل کرنے کے بعد وہ اپنے موضوع پر تحقیق کے لیے اپنی بیوی کے ساتھ بیلجیئم چلے گئے اور اب تک 30 تدریسی مقالے جاری کرچکے ہیں۔
وہ اپنی بیوی وانگ سے یونیورسٹی میں ملے اور 2015 میں شادی کے بعد بیجنگ میں رہنے لگے جہاں ان کی پہلی اولاد کی پیدائش ہوئی۔
بیلجیئم میں تحقیق سے ہٹ کر کوئی مستحکم ملازمت نہ ملنے پر ڈینگ نے اپنی اہلیہ کے ساتھ ملکر اپنا کام شروع کیا۔
مئی 2025 میں اس جوڑے نے بیلجیئم کی مارکیٹوں میں مسالے دار نوڈلز فروخت کرنا شروع کیے۔
اس پکوان میں نوڈلز کے ساتھ نرم مٹر اور دیگر اجزا کو شامل کیا جاتا ہے۔
وانگ نے بتایا کہ یہ پکوان ان کے آبائی علاقے کا خاص پکوان ہے اور وہ اسے بچپن سے کھا رہی ہیں۔
ڈینگ نے بتایا کہ وہ ہفتے میں 2 بار کام کرتے ہیں اور روزانہ ایک ہزار یورو (3 لاکھ 35 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے زائد کما لیتے ہیں۔
جب وہ نوڈلز فروخت کرنے میں اہلیہ کی مدد نہیں کرتے تو ملازمت تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
وانگ کے مطابق نوڈلز اسٹال کو چلانا تحقیق سے مختلف نہیں جبکہ اس سے خاندان کی معاونت بھی ہوتی ہے۔


