83 سال سے شادی کے بندھن میں بندھے دنیا کے معمر ترین جوڑے کی محبت کی کہانی

ایک جوڑا جو سب سے پہلے 8 دہائیوں پہلے ملا تھا، اس نے اپنی محبت کی کہانی سے عالمی ریکارڈز توڑ دیے ہیں۔

امریکا سے تعلق رکھنے والے لائیل گیٹینز اور ایلانور گیٹنز پہلی بار ایک دوسرے سے 1941 میں کلارک اٹلانٹا یونیورسٹی میں ملے تھے۔

دونوں ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوئے اور 1942 میں رشتہ ازدواج سے منسلک ہوگئے۔

اب ان دونوں نے دنیا کے معمر ترین شادی شدہ جوڑے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔

امریکی شہر میامی میں مقیم لائیل گیٹینز کی عمر 108 سال جبکہ ایلانور کی 107 سال ہے اور دونوں کی مجموعی عمر 216 سال 132 بنتی ہے اور ان کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈز کا حصہ بنایا گیا ہے۔

درحقیقت انہوں نے 2 عالمی ریکارڈز اپنے نام کیے ہیں، ایک تو اس وقت حیات سب سے معمر شادی شدہ جوڑے کا ریکارڈ ہے جبکہ دوسرا تاریخ کے سب سے معمر شادی شدہ جوڑے کا ہے۔

دونوں کی شادی کو اب 83 سال سے زائد عرصہ ہوچکا ہے اور ایک ایج ریکارڈ ٹریکنگ گروپ LongeviQuest کے مطابق یہ دنیا میں سب سے زیادہ عرصے تک شادی شدہ رہنے والا جوڑا بھی ہے، مگر فی الحال گنیز ورلڈ ریکارڈز نے یہ ریکارڈ ان کے نام نہیں کیا۔

مقامی صحافیوں کے مطابق دونوں کو اچھے کھانے سے محبت ہے اور وہ مثال ہیں کہ زندگی بھر کا رشتہ کیا ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ دونوں بہت زیادہ ذہین ہیں اور وہ تعلیم کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔

شادی کے بعد لائیل گیٹینز دوسری جنگ عظیم میں فوج کا حصہ بنے تھے بلکہ وہ فوجی تربیت کے دوران شادی کے لیے 3 دن کے لیے گھر واپس آئے۔

ایلانور نے کچھ سال قبل ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ شادی کے فوری بعد وہ واپس چلے گئے مگر ہماری محبت اب بھی برقرار ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ‘اس وقت میں سوچتی تھی کہ کیا میں انہیں کبھی دوبارہ دیکھ سکوں گی؟’

لائیل گیٹینز کو اٹلی لڑنے کے لیے بھیجا گیا اور اس وقت ایلانور حاملہ تھیں، وہ نیویارک شہر منتقل ہوگئیں، جہاں وہ پہلی بار لائیل کے خاندان سے ملیں۔

انہوں نے وہاں ایک ملازمت کی اور پھر اسکول ٹیچر بن گئیں۔

جب لائیل گیٹینز جنگ سے واپس آئے تو انہیں ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں ریاستی حکومت نے ایک سرکاری ملازمت دی۔

گزرے برسوں میں یہ جوڑا بروکلین میں مقیم رہا اور ان کے 3 بچے ہوئے جبکہ ایلانور نے 69 سال کی عمر میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری بھی حاصل کی۔

کورونا وائرس کی وبا کے دوران یہ جوڑا فلوریڈا منتقل ہوگیا مگر لائیل گیٹینز اب بھی نیویارک کو یاد کرتے ہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کی اتنی طویل شادی کا راز کیا ہے تو ایلانور نے کہا کہ ہم بس ایک دوسرے کا حصہ بن گئے اور ہم ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں۔

لائیل گیٹینز نے کہا کہ ‘میرا جواب بہت سادہ ہے اور وہ یہ ہے کہ میں اپنی بیوی سے محبت کرتا ہوں’۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے