ٹریفک پولیس کا کردار محض چالان تک محدود، عوام شدید پریشان
کوٹلہ ارب علی خان
(رپورٹ: کوٹلہ میگزین)
کوٹلہ ارب علی خان میں ٹریفک کی صورتحال دن بہ دن سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ لنگڑیال چوک سے مراڑیاں چوک تک موٹر سائیکل اور گاڑیوں پر سفر کرنا شہریوں کے لیے وبالِ جان بن چکا ہے۔ سڑکوں پر غیر قانونی پارکنگ، غیر قانونی رکشہ اسٹینڈز اور ناجائز تجاوزات نے ٹریفک نظام کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تجاوزات مافیا نے سڑکوں پر کھلے عام قبضہ جما رکھا ہے، جس کے باعث نہ صرف ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے بلکہ راہگیروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ صورتحال اس قدر خراب ہو چکی ہے کہ سڑکوں سے ایمبولینس کا گزرنا بھی محال ہو گیا ہے۔ آئے روز ایمبولینسیں ٹریفک جام میں پھنس جاتی ہیں، جس سے مریضوں کی جان کو شدید خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کوٹلہ کی کارکردگی محض چالان ٹارگٹ پورا کرنے تک محدود ہو کر رہ گئی ہے، جبکہ غیر قانونی پارکنگ، ناجائز تجاوزات اور غیر قانونی رکشہ اسٹینڈز کے خلاف مؤثر کارروائی دکھائی نہیں دیتی۔ عوامی حلقوں میں یہ سوال شدت سے اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا انتظامیہ کسی بڑے سانحے کے انتظار میں ہے؟
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ لنگڑیال چوک تا مراڑیاں چوک ٹریفک نظام کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے، ناجائز تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور ٹریفک پولیس کو محض جرمانوں کے بجائے مؤثر ٹریفک مینجمنٹ کا پابند بنایا جائے، تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔


