اٹلی کے شہر اسرنیا (Isernia) میں واقع ایک ہوٹل نما سرکاری رہائشی کیمپ سے تعلق رکھنے والے 37 سالہ پاکستانی تارکِ وطن کو پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا، جس کے بعد مقامی پاکستانی کمیونٹی میں شدید غم و افسوس کی لہر دوڑ گئی۔
اطالوی میڈیا رپورٹس کے مطابق متوفی پاکستانی شہری بطور مہاجر ایک سرکاری رہائشی کیمپ میں مقیم تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی کارابینیری (اطالوی پولیس) اور ایمرجنسی سروس 118 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
ابتدائی طبی معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ موت قدرتی وجوہات کے باعث واقع ہوئی ہو سکتی ہے، جن میں ممکنہ طور پر دل کا دورہ (Cardiac Arrest) شامل ہے، تاہم حتمی وجہ جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس حکام نے کیمپ میں مقیم دیگر مہاجرین کے بیانات قلم بند کرنا شروع کر دیے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ متوفی کی موت کن حالات میں پیش آئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور کسی بھی امکان کو فی الوقت خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔
تاحال متوفی کی شناخت اور اہلِ خانہ سے متعلق تفصیلات منظرِ عام پر نہیں لائی گئیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد موت کی اصل وجہ واضح ہو سکے گی۔


