بھارتی ریاست اترپردیش میں ہیلمٹ نہ پہننے پر شہری کا 60 لاکھ روپے سے زائد کا چالان

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے ضلع مظفر نگر میں پیش آنے والے ایک عجیب و غریب واقعے نے سوشل میڈیا صارفین کو حیران کر دیا اور مقامی پولیس کو شرمندگی میں ڈال دیا، جب ایک موٹرسائیکل سوار شہری کا 20 لاکھ 74 ہزار بھارتی روپے( 60 لاکھ روپے سے زائد پاکستانی روپے) کا چالان ہوا۔

یہ واقعہ 4 نومبر کو مظفر نگر کی نئی منڈی پولیس اسٹیشن کے علاقے میں پیش آیا۔

رپورٹ کے مطابق شہری انمول کو دیے گئے چالان میں لکھا تھا کہ ہیلمٹ نہ پہننے ،ڈرائیونگ لائسنس نہ رکھنے پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس کے بعد پولیس نے شہری کی موٹر سائیکل بھی ضبط کر لی۔

تاہم جب شہری نے چالان کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تو وہ پوسٹ تیزی سے وائرل ہوگئی۔ اتنی بھاری رقم کا چالان دیکھ کر لوگوں نے سوال اٹھائے کہ آخر اتنے چھوٹے ٹریفک جرائم پر اتنا بڑا جرمانہ کیسے لگ سکتا ہے۔

وائرل ہونے کے بعد مظفر نگر پولیس کے اعلیٰ افسران نے وضاحت دی کہ یہ رقم دراصل ڈیجیٹل چلان میں ٹائپنگ کی غلطی کی وجہ سے لکھی گئی تھی۔

پولیس افسران کے مطابق، سب انسپکٹر کو چالان میں موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعہ 207 کے تحت کارروائی کرنی تھی، جس میں گاڑی ضبط کرنے اور زیادہ سے زیادہ 4 ہزار روپے جرمانے کی اجازت ہوتی ہے۔

تاہم انہوں نے غلطی سے "207” نمبر جرمانے کی رقم والے خانے میں درج کر دیا، جس کی وجہ سے کمپیوٹر سسٹم نے اسے بڑی رقم 20،74،000 روپے میں بدل دی ۔

ایس پی ٹریفک پولیس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا نئی منڈی تھانے کے علاقے میں سب انسپکٹر گاڑیوں کی چیکنگ کر رہے تھے۔ ایک اسکوٹر کو بغیر لائسنس اور کاغذات کے دکھانے کیلئے روکا گیا۔ دفعہ 207 لاگو کی جانی تھی لیکن افسر نے غلطی سے ‘MV’ نہیں لکھا، جس سے 207 جرمانے کی رقم میں شامل ہوگیا۔ اب غلطی درست کر دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گاڑی کو ضبط کیا گیا ہے اور اصل جرمانہ صرف 4,000 روپے ہے۔

یہ واقعہ سوشل میڈیا پر مزاح اور حیرت کا باعث بنا، جہاں صارفین نے اسے ‘بھارت کا سب سے مہنگا چالان’ قرار دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے