وہ منفرد فلم جسے دیکھنے کیلئے ناظرین کو گنجا ہونا پڑ رہا ہے

ویسے تو فلمیں دیکھنا متعدد افراد کو پسند ہوتا ہے مگر کیا آپ کسی فلم کے لیے اپنے بالوں کی قربانی دینا پسند کریں گے؟

یقین کرنا مشکل ہوگا مگر ہالی وڈ کی ایک فلم کو اگر آپ عوامی سطح پر ریلیز ہونے سے قبل سنیما میں دیکھنا چاہتے ہیں تو ایسا گنجے ہوکر ممکن ہے۔

جی ہاں واقعی ہالی وڈ سائنس فکشن کامیڈی فلم بیگونیا کو قبل از وقت دیکھنا ایک منفرد شرط کے ذریعے ممکن ہے۔

آپ کو سنیما میں داخل ہونے کے لیے گنجا ہونا ہوگا۔

فلم کے ڈسٹری بیوٹر فوکس فیچرز نے ناظرین کو یہ چیلنج دیا ہے کہ وہ اپنے سروں کو صاف کراکے بیگونیا کو دیکھ سکتے ہیں، جس میں آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ ایما اسٹون نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

فلم کی ہدایات یورگوس لینتھیموس نے دی ہے اور دونوں اس سے قبل پؤر تھنگز اور دی فیورٹ جیسی فلمیں بناچکے ہیں۔

یہ فلم 24 اکتوبر کو محدود سنیماؤں میں ریلیز کی جائے گی اور 31 اکتوبر کو امریکا بھر میں عام ریلیز کی جائے گی۔

اس فلم میں ایما اسٹون نے ایک فارماسیوٹیکل کمپنی کی چیف ایگزیکٹو کا کردار ادا کیا ہے، جن کو 2 سازشی خیالات رکھنے والے کزن اس لیے اغوا کرلیتے ہیں کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ ایما اسٹون ایک ایلین ہیں، یہاں تک کہ وہ اداکارہ کے بالوں کو بھی شیو کر دیتے ہیں۔

تو اب فلم کی ابتدائی اسکریننگ کے موقع پر سنیما میں ایک حجام موجود ہے جو فلم دیکھنے کے شوقین افراد کو گنجا کرتا ہے۔

فلم دیکھنے کے خواہشمند لاس اینجلس سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ میتھیو لوپیز نے بتایا کہ گنجا ہونے کی شرط ایما اسٹون کے کردار کے بالوں کو شیو کرنے سے متاثر ہے اور یہ ایک زبردست خیال ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے