بھارت کی پاکستان کیخلاف آبی جارحیت، چناب کے بعد دریائے جہلم کا بھی پانی روک لیا

سیالکوٹ میں مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی سطح میں انتہائی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ انہار کے مطابق دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ 9 ہزار 678 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، گزشتہ روز پانی کا بہاؤ 12 ہزار 829 کیوسک تھا، دریائے چناب میں پانی کی سطح میں مسلسل کمی ہورہی ہے، مرالہ راوی لنک نہر میں پانی کا بہاؤ صفر ہے ، اپر چناب نہر میں پانی کا بہاؤ چھ ہزار 3 سو کیوسک ہے۔

پاکستان کے انڈس واٹر کمشنر مہر علی شاہ کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے دریائے چناب کا پانی روکے جانے پر بھارت کو خط لکھ دیا ہے، دریائے جہلم کے پانی کا جائزہ لے رہے ہیں بھارت جب بھی اور جہاں بھی پانی روکے گا ، اس پر آواز اٹھائیں گے۔

آبی ماہرین کے مطابق بھارت کی جانب سے پانی روکنے کے باعث دریائے چناب سے قادرآباد خانکی بیراج سے نکلنے والی نہروں کو پانی نہیں ملےگا، بھارت کےپانی روکنے سے پنجاب کی لاکھوں ایکڑ زمین بنجر ہونےکا خدشہ ہے، انڈس واٹر کمیشن بھارت کے اس اقدام کے خلاف عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کرے۔

یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے اسپیشل ماہرین کی ٹیم نے بھی سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر ختم کرنے کے بھارتی اقداما کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے اسے سلامتی کونسل کے چارٹر کی نفی قرار دیا۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی اسلام آباد میں غیر ملکی سفارتکاروں کو میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ بھارتی آبی اقدامات سے پاکستان کی غذائی سکیورٹی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا پاکستان واضح کرچکا ہے کہ پانی روکنا یا اس کا رخ موڑنا جنگی اقدام تصور ہوگا، ہم اپنے آبی حقوق پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے