Popular Posts

سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید نے سزا کیخلاف اپیل دائر کردی

لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے وکیل میاں علی اشفاق نے تصدیق کی ہے کہ فوجی عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا کے خلاف 27 دسمبر کو اپیل دائر کر دی گئی ہے، تاہم انہوں نے اس کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

یاد رہے کہ فیڈرل کورٹ مارشل نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کو آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خلاف ورزی، اختیارات کے غلط استعمال اور پاکستان آرمی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 14 برس قید کی سزا سنائی تھی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے 11 دسمبر کو ایک پریس کانفرنس کے دوران ملٹری کورٹ کی جانب سے دی گئی سزا کے بارے میں بتایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ 12 اگست 2024 کو فیض حمید کے خلاف ملٹری ایکٹ کے تحت تحقیقات کا آغاز کیا اور پھر 15 ماہ کی تفتیش کے بعد انہیں سزا سنائی گئی۔

پاکستان آرمی ایکٹ کی دفعہ 133بی کے تحت سزا اور فیصلہ سنائے جانے کے بعد انہیں فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کیلئے 40 دن کی مہلت حاصل تھی۔

قوانین کے مطابق فوجی عدالت کی سزا کے خلاف دائر اپیل کا آرمی چیف کی جانب سے بنائی گئی کورٹ آف اپیلز جائزہ لے گی اور پھر جائزے کے بعد آرمی چیف کو اس بات کا اختیار ہے کہ وہ اس اپیل کو منظور کر لیں، مسترد کردیں، معطل کر دیں یا پھر اس میں ردو بدل کے احکامات جاری کریں۔

ذرائع کے مطابق اپیل میں کہا گیا ہے کہ فیض حمید کو سزا خلاف قانون اور غلط بنیاد پر دی گئی، پراسیکیوشن نے بھی اپنا مقدمہ ثابت نہیں کیا اور مقدمے کے شفاف ٹرائل کو بھی نظر انداز کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے