کوٹلہ عرب علی خان اور اس کے گردونواح میں رات گئے تیز آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں۔ یہ رواں موسمِ سرما کی پہلی بارش ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔
شدید آندھی، بارش اور ژالہ باری کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے، جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بار بار معطل رہی، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تیز ہواؤں کے باعث درختوں کی ٹہنیاں گرنے اور کچی تعمیرات کو جزوی نقصان پہنچنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
اہلِ علاقہ نے کہا ہے کہ بارش اگرچہ خوش آئند ہے تاہم بجلی کی بار بار بندش نے پریشانی میں اضافہ کر دیا۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ خراب موسم کے پیشِ نظر بجلی کی بحالی کو یقینی بنایا جائے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مزید بارش اور تیز ہواؤں کا امکان موجود ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


