پنجاب میں تعلیمی کیلنڈر میں بڑی تبدیلی کی تیاری

Punjab Schools

گرمیوں کی طویل چھٹیاں کم کرنے کی سفارش، 190 تدریسی دن لازمی قرار

لاہور/راولپنڈی:
پنجاب بھر کے سرکاری اور نجی اسکولوں و کالجوں کے لیے یکساں تعلیمی کیلنڈر نافذ کرنے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے، جس کے تحت گرمیوں کی طویل تعطیلات میں نمایاں کمی کی سفارش سامنے آئی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کی ہدایات پر قائم کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں تعلیمی اداروں کو ہر سال کم از کم 190 تدریسی دن مکمل کرنے کی تجویز دی ہے۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی نے موجودہ ڈھائی ماہ کی گرمیوں کی چھٹیوں کو کم کرکے صرف چھ ہفتے تک محدود کرنے کی سفارش کی ہے۔ کمیٹی نے گزشتہ چار ماہ کے دوران تین اجلاس منعقد کیے، جبکہ تیسرے اور حتمی اجلاس میں سفارشات کو باقاعدہ شکل دی گئی۔ یہ اجلاس لاہور میں ہوا جس کی صدارت سیکریٹری اسکول ایجوکیشن نے کی، جبکہ خصوصی سیکریٹری اسکول ایجوکیشن محمد اقبال نے اجلاس کی نگرانی کی۔

کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق مجوزہ تعلیمی کیلنڈر کے تحت سالانہ تعطیلات کی مجموعی تعداد 175 دن جبکہ تدریسی اور تعلیمی دنوں کی تعداد 190 مقرر کی جائے گی۔ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ حالیہ برسوں میں تعطیلات میں مسلسل اضافے نے تعلیمی نظام کو شدید متاثر کیا ہے، جس کے باعث خصوصاً اعلیٰ جماعتوں میں نصاب بروقت مکمل نہیں ہو پاتا اور طلبہ کی تعلیمی کارکردگی بھی متاثر ہو رہی ہے۔

نجی تعلیمی اداروں کی نمائندہ تنظیموں نے بھی کمیٹی کی سفارشات کی حمایت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یکساں اور متوازن تعلیمی کیلنڈر سے تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی اور طلبہ کو نصاب مکمل کرنے میں سہولت ملے گی۔

سفارشات سامنے آنے کے بعد پنجاب اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے خصوصی سیکریٹری محمد اقبال نے پنجاب ایجوکیشن کریکولم اینڈ ٹیسٹنگ اتھارٹی اور ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن کو ہدایت جاری کی ہے کہ تین دن کے اندر اندر یکساں تعلیمی کیلنڈر تیار کیا جائے۔

واضح رہے کہ جسٹس جواد حسن نے تعلیمی اداروں میں تعطیلات میں غیر ضروری اضافے کے خلاف دائر آئینی درخواست کی سماعت کے دوران اس کمیٹی کو تشکیل دیا تھا۔ امکان ہے کہ کمیٹی کی رپورٹ آئندہ سماعت میں عدالت کے سامنے پیش کی جائے گی، جس کے بعد تعلیمی کیلنڈر سے متعلق حتمی فیصلہ متوقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے