کوٹلہ ارب علی خان میں جعلی کنسلٹینسی مافیا بے لگام، یورپ، کینیڈا، یوکے اور خلیجی ممالک کے خواب دکھا کر شہریوں کی جیبیں صاف

کوٹلہ ارب علی خان میں جعلی کنسلٹینسیوں کا دھندہ خطرناک حد تک عروج پر پہنچ چکا ہے، جہاں سادہ لوح شہریوں کو یورپ، کینیڈا، برطانیہ (یوکے) سمیت سعودیہ، قطر اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں روزگار اور ویزوں کے سنہرے خواب دکھا کر لاکھوں روپے لوٹے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق یہ نام نہاد کنسلٹنٹس بغیر کسی لائسنس، اجازت یا قانونی دستاویزات کے کھلے عام دفاتر چلا رہے ہیں، سوشل میڈیا اور خوبصورت اشتہارات کے ذریعے نوجوانوں کو بیرون ملک روشن مستقبل کے جھانسے دیے جا رہے ہیں۔ متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ رقم وصول کرنے کے بعد نہ ویزا ملا، نہ ٹکٹ اور نہ ہی کنسلٹنسی والے دوبارہ رابطے میں آئے۔شہری حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے کہ متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ نے پراسرار خاموشی اختیار کر رکھی ہے، جس سے جعلی کنسلٹینسی مافیا کو کھلی چھوٹ مل گئی ہے۔ عوام کا سوال ہے کہ آیا یہ سب کچھ اداروں کی غفلت ہے یا ملی بھگت؟متاثرین نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے، جعلی کنسلٹینسیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے اور ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو مزید خاندانوں کے بیرون ملک جانے کے خواب چکناچور ہوتے رہیں گے۔عوام الناس سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ بیرون ملک جانے سے قبل متعلقہ کنسلٹنسی کی قانونی حیثیت، لائسنس اور سرکاری رجسٹریشن کی مکمل تصدیق ضرور کریں تاکہ کسی بھی فراڈ سے بچا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے